دوحہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ترجمان حازم قاسم نے صہیونی جارحیت کے خلاف ایران کی ثابت قدمی اور استقامت کو سراہتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ تہران امریکہ اور قابض اسرائیل کے عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
حازم قاسم نے بدھ کے روز ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ایرانی استقامت نے صہیونی و امریکی دشمن کے ارادوں کو توڑ کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ خطہ یہاں کے اصل باشندوں اور قوموں کا ہے؛ انہوں نے بیرونی تسلط کی کوششوں کے خلاف اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے خطے میں اپنے اتحادیوں کی حمایت کے ساتھ امریکہ اور قابض اسرائیل کے خلاف گذشتہ چالیس دنوں کے دوران عظیم فتح حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کونسل نے آج فجر کے وقت جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ امریکی اور قابض اسرائیلی افواج اپنے عسکری اہداف حاصل کرنے یا ایران پر اپنا تسلط قائم کرنے میں مکمل ناکام رہی ہیں۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دشمن کو لگنے والی کاری ضربیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دشمن کا اصل مقصد ایران کی میزائل قوت اور ڈرون ٹیکنالوجی کو اپاہج کرنا، ملک کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا اور اس کے علاوہ سرزمین ایران کی تقسیم اور اس کے وسائل کو لوٹنا تھا، تاہم وہ ان تمام مذموم مقاصد میں ناکام رہا۔
بیان کے مطابق امریکہ اور قابض اسرائیل کو تصادم شروع ہونے کے دس دن بعد ہی یہ اندازہ ہو گیا تھا کہ وہ فتح حاصل نہیں کر سکتے، جس کے بعد انہوں نے تہران کے ساتھ رابطے کے ذرائع تلاش کرنا اور سیز فائر کی درخواست کرنا شروع کر دی تھی۔
