فلسطینی مجلس قانون ساز کے اسپیکر ڈاکٹر عزیزدویک نے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاھو کے درمیان روابط کی اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے۔ رام اللہ میں اتوار کے روزاپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فلسطینی نشریاتی ادارے”الامد” کی ویب سائٹ پر جاری رپورٹ میں کوئی صداقت نہیں، حماس اور اسرائیل کے ماضی میں کوئی روابط نہیں ہوئے اور نہ ہی آئندہ اس کا امکان موجود ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس طرح کی خبریں حماس کے خلاف گمراہ کن صہیونی پروپیگنڈے کا حصہ ہیں، اور من گھڑت خبریں ماضی میں بھی منظر عام پر آتی رہی ہیں۔ واضح رہے کہ “الامد” نے اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاھو کے دفتر کے اہلکاروں نے حماس کے راہنماؤں ڈاکٹرعزیز دویک اور محمود الرمحی سے رابطہ کیا ہے۔ ان رابط کا مقصد حماس اور اسرائیل درمیان قربت پیدا کرنا اور ایک دوسرے کے موقف کو سمجھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ ماہ نومبر کے وسط میں اسرائیلی وزیر اعظم کے سیکرٹری اسحاق فرنیکینٹال نے فلسطینی مذاکرات کار حسین عصفور کے تعاون سے ڈاکٹر عزیز دویک سے ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی۔