حزب اللہ لبنان نے صیہونی حکومت سے فرانسیسی صدر کی درخواست کو نہایت شرمناک قراردیاہے۔ یادرہے فرانس کے صدرنے صیہونی حکومت سے درخواست کی ہےکہ لبنان پرممکنہ حملوں کے موقع پرجنوبی لبنان میں کثیرالقومی فوج میں شامل فرانسیسی فوجیوں کی حفاظت کرے۔ حزب اللہ نے کہاہے کہ صدر سارکوزی کی یہ درخواست اھل عالم کے لئے رسوائي اور شرم کا باعث ہے۔ یادرہے فرانسیسی صدرنے حال ہی میں صیہونی وزیراعظم نیتن یاھوسے ملاقات میں ان سے درخواست کی تھی کہ انہیں لبنان پرحملوں کے صحیح وقت سے آگاہ کریں تاکہ وہ یونیفل میں شامل فرانسیسی فوجیون کو لبنان سے نکال سکیں۔ حزب اللہ نے سارکوزی کے بیان کو خطرناک قراردیتےہوئے کہا کہ اس درخواست کا یہ معنی ہے کہ عالمی برادری کی نظر میں صیہونی حکومت لبنان پرحملہ کرسکتی ہے اور اس کایہ بھی معنی نکلتاہےکہ جنوبی لبنان میں یونیفل کی فوج صیہونی حکومت کو تحفظ فراہم کرنے کےلئے ہے۔ حزب اللہ کے بیان میں آیا ہےکہ یونیفل کی ذمہ داری جنوبی لبنان کو صیہونی حملوں سےبچانا ہے لیکن اس بات میں کیا راز پوشیدہ ہے کہ فرانس کے صدر اسرائيل سے کہتےہیں کہ وہ لبنان پرحملے کے موقع پرفرانسیسی فوجیوں کا خیال رکھے ۔ یادرہے جنوبی لبنان میں تقریبا پندرہ ہزار فوجی تعینات ہیں جن کا تعلق اقوام متحدہ کی کثیرالقومی محافظ امن فوج سے ہے۔