حزب اللہ لبنان کے اہم رہنما شیخ خضرنورالدین نے تمام مسلمانوں عیسائیوں اورعربوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجدالاقصی اورفلسطینیوں کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوں ۔ شیخ خضرنورالدین نے صہیونی ریاست کے ساتھ عرب ملکوں کی سازباز پر شدید تنقید کرتےہوئے تمام مذہبی ، سیاسی ، سماجی ، اورعلمی شخصیتوں باالخصوص واٹیکن ، جامعۃ الازہر، قم مقدس اورنجف اشرف جیسے دینی مراکزسے مطالبہ کیاہے کہ وہ مسئلہ فلسطین ، مسجدالاقصی اور بیت لحم کی حمایت کریں۔حزب اللہ لبنان کے اس رہنما نے کہا کہ انیس سوسڑسٹھ کی جنگ کے بعد سے صیہونیوں کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور صہیونی ریاست، مسجدالاقصی میں داخل ہونے ، اسے تباہ کرنے اور اسے نذرآتش کرنےکےلئے اب تک کئی کوششیں کرچکی ہے۔ حزب اللہ لبنان کے رہنما نے ایران کی جانب سے مسئلہ فلسطین کی حمایت کاشکریہ ادا کرتےہوئے کہا کہ امام خمینی (رح) مسئلہ فلسطین کےسلسلے میں خاموشی پر ہمیشہ خبردارکرتے رہتے تھے اوران کا یہ نظریہ ہے کہ صہیونی ریاست کے منصوبے اسلام ، عیسائیت اور تمام عربوں کواپنا نشانہ بنائے ہوئے ہیں۔