موصولہ رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان لے ڈپٹی چیف نے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے گذشتہ دنوں جارحیت کے سبب شہید ہونے والے لبنانی فوجیوں کی شہادت پر تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ پہلے سے زیادہ تیار ہے اور اسرائیل کی کسی بھی ممکنہ جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ شیخ نعیم قاسم کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے اگر جارحیت کی خواہ وہ چھوٹی ہو یا بڑی ،حزب اللہ اس کے رد عمل میں بھرپور جواب دے گی اور حزب اللہ آمادہ ہے کہ اسرائیلی جارحیت پر اسرائیل کے قلب پر وار کرے گی اور اسرائیل کو صفحہ ہستی سے نابود کر دے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا فیصلہ حزب اللہ کرے گی کہ کب اور کیسے اسرائیل کی جارحیت کا جواب دیا جائے۔ حزب اللہ کے رہنما کا کہنا تھا کہ حزب اللہ اسرائیل کی ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ دشمن کو اس بات کا اندازہ ہی نہیں ہے ،حزب اللہ کے رہنما نے حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ کے ایک سابقہ بیان کو دہراتے ہوئے کہا کہ سید حسن نصر اللہ پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ اگر اسرائیل نے چھوٹی یا بڑی جارحیت کی تو حزب اللہ اسرائیل کے اندر گھس کر اسرائیلی تنصیبات پر حملہ کرے گی اور تل ابیب ہوائی اڈے پر قبضہ کرے گی۔ شیخ نعیم قاسم کا کہنا تھا کہ حزب اللہ اقوام متحدہ کی اس قرارداد نمبر1701کے مطابق پابند ہے جس میں 2006 کی جنگ بندی کی گئی تھی تاہم اگر اسرائیل نے جارحیت کی تو حزب اللہ خاموش نہیں بیٹھے گی ۔