مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مغربی کنارے میں سیاسی قیدیوں کے اہل خانہ کی کمیٹی نے انتہائی سخت الفاظ میں جنین میں فلسطینی اتھارٹی کے سکیورٹی اداروں کی جانب سے سابق اسیران شیخ حسن الزغل اور انجینئر محمد جرادات کو گرفتار کیے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ دونوں کا تعلق جنین کے نواحی گاؤں زبوبہ سے ہے۔
کمیٹی نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا کہ یہ گرفتاری ایک نہایت سنگین تجاوز ہے اور سیاسی بنیادوں پر گرفتاری کی ،اس روش کا تسلسل ہے جو قومی اور اخلاقی دونوں اعتبار سے ناقابل قبول ہے۔
کمیٹی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ گرفتاری کے دو دن بعد جنین سے دونوں زیر حراست افراد کو اریحا جیل منتقل کرنا ایک مزید من مانا اقدام ہے جو ایک خطرناک جارحیت کی عکاسی کرتا ہے اور آزادیوں کو کچلنے ،نامہ نگاروں اور کارکنوں نیز مجموعی طور پر سابق اسیران کو نشانہ بنانے کی منظم پالیسی کو بے نقاب کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اقدامات ایک تشویشناک سلسلے کا حصہ ہیں جن کے ذریعے سرگرم کارکنوں اور رہا شدہ اسیران کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ ان کے حوصلے توڑے جائیں اور انہیں ان کے قومی اور سماجی کردار سے باز رکھا جا سکے۔
کمیٹی برائے اہل خانہ نے متعلقہ حکام کو زیر حراست افراد کی جسمانی اور نفسیاتی سلامتی کی مکمل ذمہ داری کا پابند ٹھہراتے ہوئے دونوں کی فوری اور بلا شرط رہائی کا مطالبہ کیا اور سیاسی بنیادوں پر گرفتاری کی پالیسی فی الفور بند کرنے پر زور دیا۔
