شمالی مغربی کنارے کے شہر نابلس میں فلسطینی نوجوانوں نے مادما گاوں میں دراندازی کا ارتکاب کرنے والے صہیونی فوجی دستوں پر حملہ کر دیا. اسرائیلی فوجی گاڑیوں پر پیڑول بموں سے حملہ کیا گیا جس سے اطلاعات کے مطابق ایک گاڑی مکمل طور پر جل گئی. اسرائیلی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کی شام فلسطینی نوجوانوں کے ایک گروپ نے جنوبی نابلس کے مادما گاوں میں معمول کی گشت پر مامور اسرائیلی فوج کی پیٹرولنگ پارٹی پر حملہ کیا. یہ فوجی ایک گاڑی پر سوار تھے. پیٹرول بم حملے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی. گاڑی میں سوار فوجیوں کے حوالے سے معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا انہیں اس کارروائی میں کتنا نقصان پہنچا.حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے گاوں پر دھاوا بول دیا اور علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا. گاوں پر حملے کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے شدید فائرنگ کی.مقامی ذرائع کا کہنا ہے سات اسرائیلی فوجی گاڑیوں پر سوار اہلکاروں نے گاوں پر حملہ کیا. حملہ آور فوجیوں نے بڑی تعداد میں روشنی کے گولے پھینکے تاکہ ان نوجوانوں کو گرفتار کیا جا سکے جنہوں نے اسرائیلی فوج کی گشتی پارٹی پر پیٹرول بموں سے حملہ کیا، تاہم رات گئے تک کسی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہو سکی.