جنوبی لبنان – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز اعتراف کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں جاری لڑائی کے دوران اس کا ایک فوجی ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
قابض دشمن کی فوج نے وضاحت کی ہے کہ اس علاقے میں ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اسی تناظر میں قابض اسرائیلی فوج نے لبنان پر اپنی جارحانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جہاں اس کے جنگی طیاروں نے ملک کے جنوبی علاقوں اور بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے ضاحیہ کو نشانہ بناتے ہوئے شدید فضائی حملوں کی نئی لہر شروع کی ہے۔
ان وحشیانہ فضائی حملوں کے نتیجے میں سیکڑوں لبنانی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں کیونکہ بیک وقت کیے جانے والے ان فضائی حملوں نے دارالحکومت بیروت، بقاع اور جنوبی لبنان سمیت مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
یہ حملے اس جارحیت کے آغاز سے اب تک کے وسیع ترین حملوں میں سے ایک قرار دیے جا رہے ہیں، حالانکہ اس سے قبل ایران، امریکہ اور قابض اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے ایک ایسے معاہدے کا اعلان کیا گیا تھا جس میں لبنان بھی شامل ہے۔
