اسرائیل وزیر دفاع ایہود براک نے اتوار کے روز جنرل گابی اشکنزئی کی جگہ آپریشنز کمانڈر جنرل یوعاف گلانٹ کو اسرائیلی مسلح افواج کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔ اکاون سالہ جنرل گلانٹ آئندہ برس جنرل گابی اشکنزئی کی جگہ صہیونی فوج کی کمان سنبھالیں گے۔ اس ضمن میں باقاعدہ سرکاری اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔ اسرائیلی فوج میں ترقیوں کا معاملہ مقامی میڈیا میں بہت زیادہ اہمیت اخیتار کر چکا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ جنرل گلانٹ نے خود گابی اشکنزئی کی جگہ لینے کے لئے باقاعدہ ایک لائبیئسٹ کی خدمات حاصل کر رکھیں تھیں۔ تاہم جنرل گلانٹ نے اس خبر کی تصدیق کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ انہوں نے میڈیا میں اپنی مسلح افواج کے سربراہ کے طور پر تقرری کے لئے کوئی لابنگ کی تھی۔ اسرائیلی حکومت کے ہفتہ وار اجلاس میں ایہود براک نے اس معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس صورتحال میں ضروری ہو گیا تھا کہ فوج کے ڈسپلن کو برقرار رکھنے کے لئے پیش آئند فوجی کمان دار کے نام کا اعلان کر دیا جائے۔