کراچی( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور آئی ایس او جامعہ کراچی یونٹ کے مشترکہ تعاون سے بدھ کے روز جامعہ کراچی کے ایڈمن بلاک سے یکجہتی فلسطین واک کا انعقاد کیا گیا۔ یکجہتی فلسطین واک میں سیکڑوں طلباء طالبات نے شرکت اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل اور اس کی حامی حکومتوں امریکہ اور برطانیہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
یکجہتی فلسطین واک میں جامعہ کراچی کے مشیر برائے امور طلبہ ڈاکٹر عاصم اور مشیر سیکورٹی ڈاکٹر معیز خان نے بھی شرکت کی۔ یکجہتی فلسطین واک میں طلباء و طالبات کے علاوہ اساتذہ اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما بھی شریک ہوئے۔شرکائے یکجہتی فلسطین واک نے ہاتھوں میں پاکستانی اور فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ مردہ باد امریکہ اور اسرائیل نامنظور کے پلے کارڈز بھی آویزاں تھے۔
شرکائے یکجہتی فلسطین واک سے ڈاکٹر عاصم، ڈاکٹر معیز ، سابق رکن سندھ اسمبلی میجر (ر) قمر عباس، معروف سماجی رہنما بشیر سدوزئی، آئی ایس او کے رہنما سعید شگری اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کیا۔
مقررین کاکہنا تھا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک غاصب اور جعلی ریاست ہے، ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور برطانیہ سمیت دنیا کی دہشتگرد حکومتیں اسرائیل کی دہشتگردانہ کاروائیوں کی پشت پناہ ہیں ۔ انہوں نے مغربی ممالک کی فلسطین مخالف پالیسیوں کی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ کے کردار کو مایوس کن قرار دیا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام فلسطین کاز کے ساتھ ہیں اور فلسطین کی جماعت حماس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں -انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ برطانوی حکومت کی جانب سے فلسطینی جماعت حماس کو دہشتگرد قرار دیئے جانے کے معاملہ پر بھرپور احتجاج کیا جائے اور حماس کو پاکستان میں فلسطینیوں کی نمائندہ جماعت تسلیم کر کے سرکاری سطح پر اعلان کیا جائے۔ اس موقع پر شرکاء کے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔