مقبوضہ فلسطین میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے رہنما الشیخ رائد صلاح نے کہا ہے کہ ترکی کے عوام مسئلہ فلسطین اور بیت المقدس کے ساتھ شدید لگاؤ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ترکی کے دورے کے درمیان جس سے بھی ان کی ملاقات ہوئی وہ مسئلہ فلسطین، مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد کے ساتھ گہری دلچسپی رکھتاتھا ۔ انہوںنے واضح کیا کہ مسئلہ فلسطین ترکی کا مسئلہ ہے اور وہ اس مسئلے کی حمایت اور امداد کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ الشیخ رائد صلاح نے کہا کہ ترکی کے دورے کے دوران انہوں نے بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے متعلق صرف حمایت اور امداد کے نقطہ ء نظر سے گفتگو نہیں کی بلکہ اس لحاظ سے گفتگو کی کہ وہ قومی مسئلہ ہے اور امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ ترکی کے عوام نے واضح کیاہے کہ مسلمان حکومتیں اور عوام اس وقت تک حقیقی آزادی کی نعمت سے لطف اندوز نہیں ہو سکتیں جب تک بیت المقدس اسرائیل کے قبضہ میں ہے۔ واضح رہے کہ الشیخ رائد صلاح اور ان کے ہمراہ وفد نے ترکی کا سات روزہ دورہ کیا ۔ انہوں نے انقرہ اور استنبول میں مختلف ترکی اداروں کے رہنمائوں اور شخصیات سے ملاقاتیں کیں ۔ انہوں نے وزارت اوقاف کا دورہ بھی کیا اور ترکی کے ٹی وی ، ریڈیو اور اخباری نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں ۔