ترکی کے شہر استنبول میں قائم مصری قونصلیٹ کے باہر ہزاروں افراد نے مصری پولیس کی جانب سے یورپی امدادی قافلے پر حملے کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور قونصل خانے کا کئی گھنٹوں تک محاصرہ کیے رکھا۔ اس دوران مظاہرین نے قونصل خانے کی عمارت پر پتھراؤ بھی کیا۔ مظاہرین نے مصری صدر حسنی مبارک کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ان کی جانب سے غزہ کے گرد آہنی دیوار کی تعمیر کی اجازت دینے اور امدادی قافلے کے شرکا پر تشدد کے خلاف نعرے لگائے۔ شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر مصر اور اسرائیل کے خلاف جبکہ فلسطینی عوام کے حق میں نعرے درج تھے۔ ادھر انقرہ میں ترکی سفارت خانے کے باہر بھی بدھ کے روز ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ترک سفیر کو مصر کے خلاف احتجاجاً ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کرے۔