کراچی – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) ملت جعفریہ پاکستان کے علمائے کرام اور عمائدین نے کراچی پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کیا جس میں عالمی یوم القدس ریلی کے انتظامات اور اہم فیصلوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
علمائے کرام کا کہنا تھا کہ ہر سال رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو قبلہ اول کی آزادی کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم القدس منایا جاتا ہے۔ اس سال خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث اس دن کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ کراچی میں نکالی جانے والی عالمی یوم القدس ریلی عوامی شرکت کے اعتبار سے دنیا کی بڑی ریلیوں میں شمار ہوتی ہے۔ موجودہ حالات اور عوامی جذبات کے پیش نظر تحریک آزادی القدس میں شامل تنظیموں نے باہمی مشاورت سے رواں سال عالمی یوم القدس ریلی کے روٹ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔رواں سال 23 رمضان المبارک کو عالمی یوم القدس ریلی شہر قائد کی مرکزی شاہراہ ۔شاہراہ فیصل پر نکالی جائے گی، جبکہ گزشتہ برسوں میں یہ ریلی ایم اے جناح روڈ پر نمائش سے تبت سینٹر تک نکالی جاتی تھی۔تحریک آزادی القدس کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملت جعفریہ پاکستان مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گی اور قبلہ اول کی آزادی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
پریس کانفرنس مجلس وحدت المسلمین،سربراہ امت واحدہ پاکستان علامہ محمد امین شہیدی،ہیت آئمہ مساجد و علما امامیہ کے مولانا صادق رضا تقوی ،مولانا اصغر حسین شہیدی، رکن نظارت آئی ایس او مولانا عقیل موسیٰ، جعفریہ الائنس پاکستان کے شبر رضا، مرکزی تنظیم عزاداری کے ایس ایم نقی، پاک محرم ایسوسی ایشن کے شبر رضا، صغیر عابد اور آئی ایس و کراچی ریجن کے صدر عون رضوی شریک تھے۔