مقبوضہ بیت المقدس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج کی ایک خصوصی فورس نے مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب مشرق میں واقع قصبہ العیزریہ میں ایک فلسطینی بچے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔
مقبوضہ بیت المقدس گورنری کے مطابق ایک خصوصی اسرائیلی فورس سویلین گاڑی میں سوار تھی جس نے قصبے کے علاقے القناطر کے قریب شہریوں کے ایک گروہ پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ابو دیس سے تعلق رکھنے والا 15 سالہ بچہ مصطفیٰ ابو مذکور شدید زخمی ہوگیا جسے گہرا خون بہنا بھی لاحق تھا۔
گورنری نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فورسز نے ایک گھنٹے سے زائد وقت تک ایمبولینس عملے اور شہریوں کو زخمی بچے تک طبی امداد پہنچانے سے روکے رکھا، اس دوران جائے وقوعہ کا سخت محاصرہ کرلیا گیا اور کسی کو قریب آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
بعد ازاں قابض فورسز نے ایمبولینس ٹیموں کو مقام تک رسائی کی اجازت دی، جہاں بچے کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد میں اسے علاج کے لیے ایک طبی مرکز منتقل کیا گیا اور پھر رام اللہ میں واقع فلسطین میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔
