بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے قائم “البیارق” فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام القدس کے شہریوں پر مشتمل قافلہ اسرائیلی فوج کی نصب کردہ تمام تر پابندیوں کو توڑ کر قبلہ اول تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کے روز فاؤنڈیشن کے زیراہتمام بسوں کے ذریعے شہریوں کو مسجد اقصیٰ میں لانے کا انتظام کیا گیا۔ بیت المقدس کے دور دراز علاقوں میں نمازیوں کو لانے کے لیے کئی بسیں چلائی گئی تھیں، یہ بسیں روڈ نمبر چھ اور یافا کے راستے المقدس اور پھر مسجد اقصیٰ پہنچنےمیں کامیاب ہوئیں۔
بیان کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے قافلے کو روکنے کے لیے جگہ جگہ ناکے لگا کر راستے بلاک کر دیے تھے تاہم قافلے کے شرکاء کے اصرار پر فوج کو انہیں راستہ دینا پڑا۔ قافلے میں خواتین، بچے اور بڑی عمر کے افراد بھی شریک تھے۔
قافلے کے راستوں میں قابض فوج کی جانب سے شہریوں کو ڈرایا دھمکایا بھی جاتا رہا تاہم پرعزم شہریوں نے اسرائیلی دھمکیوں کو نظر انداز کر کے قبلہ اول تک اپنی رسائی یقینی بنالی۔