جرمنی کے دارالحکومت برلین میں سینکڑوں افراد نے غزہ کے گرد مصر کی جانب سے آہنی دیوار کی تعمیر کے خلاف مصری سفارت ٓخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ سفارت خانے کے باہر کیے گئے احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر مصر کی طرف سے غزہ کے گرد زیر زمین تعمیر کی جانے والی دیوارکی تعمیر روکنے، غزہ کی معاشی ناکہ بندی اٹھانے، شہر کے تمام زمینی راستے کھولنے کے مطالبات درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے مصری سفارت خانے میں ایک یادداشت بھی جمع کی جس میں مصر سے غزہ کے گرد آہنی دیوار کی تعمیر کی مذمت کے بعد اسے روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ مظاہرین نے اسرائیل اور مصر کے خلاف احتجاج کے دوران شدید نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مصر کی طرف سے غزہ کی سرنگیں بند کرنے کے اقدام کا نوٹس لے کیونکہ غزہ کے سطح زمین سے تمام راستے بند ہونے کے باعث سرنگیں ہی غزہ کے ڈیڑھ ملین شہریوں کی زندگی کا واحد ذریعہ ہیں۔