اسرائیلی حکام نے ایک فلسطینی شہری یونس یوسف عبداللہ حسین کو بائیس سال تک جیل میں رکھنے کے بعد گذشتہ روز رہا کر دیا، رہائی پانے والے شہری کا تعلق غزہ کے وسطی علاقے”زوائد” سے بتایا جاتا ہے۔ فلسطینی شہری کی رہائی گذشتہ روز عمل میں آئی، اسرائیلی حکام نے انہیں صحرائے نقب میں قائم “عوفر” جیل سے غزہ پہنچایا، جہاں اس کا فلسطینی وزارت امور اسیران کے حکام، انسانی حقوق کی تنظیم “واعد” کے اہلکاروں اور اسیری کاٹنے والے شہری کے خاندان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر رہا ہونے والے شہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس نے بائیس سال تک اسرائیلی جیلوں میں شدید مشکل حالات میں دن گزارے، خاص طور پران کی اسیری کے آخری دو برس جو انہوں نے”نفحہ” جیل میں گزارے نہایت کٹھن تھے، اس دوران اس سے ہر قسم کی بنیادی سہولتیں سلب کر لی گئی تھیں اور ایسا لگتا تھا کہ اس کی رہائی کے تمام امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔