ایمنسٹی انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں گزشتہ سال ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں پر رپورٹ جاری کر دی۔ایشیا میں تنازعات نے ہزاروں لوگوں کی جانیں لیں۔ پاکستان میں بیس لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے۔اسرائیل سنگین جنگی جرائم کا مرتکب ہوا۔جبکہ امریکا نے گوانتاناموبے میں 198 قیدیوں کو بدستور زیرحراست رکھا۔
لندن میں جاری ایمنسٹی کی سالانہ رپورٹ کے مطابق افغانستان سے لیکر پاکستان اور سری لنکا سے لیکر فلپائن تک ایشیا میں حکومت اور باغیوں کے درمیان لڑائیوں کی زد میں آنے والے شہری بے یارو مددگار مشکلات کا شکار رہے۔جبکہ عالمی مبصرین کو صورتحال جاننے کی بدترین علاقوں تک رسائی کی اجازت نہیں دی گئی۔پاکستان میں فورسز کے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کیوجہ سے افغان سرحد کے قریب شمال مغربی علاقوں میں بیس لاکھ سے زیادہ شہری اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔جن کے حقوق کی حفاظت کیلئے کوئی واضح حکمت بھی سامنے نہیں آئی۔ سری لنکا میں تامل باغیوں اور فوج کے درمیان جنگ میں جنوری سے مئی 2009ء کے دوران سات ہزار شہری ہلاک اور تین لاکھ بے گھر ہوئے۔
افغانستان میں گزشتہ سال ڈھائی ہزار شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے،جبکہ ساٹھ ہزار بے گھر ہوئے۔امریکا کی اوباما انتظامیہ کی جانب سے گوانتانامو جیل بند کرنے کے وعدے کے باوجود 2009ء کے اختتام تک وہاں 198 قیدیوں کو بدستور زیر حراست رکھا گیا۔اسرائیل غزہ پر حملے میں بڑی تعداد میں عام فلسطینیوں کو ہلاک کر کے جنگی جرائم اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب ہوا۔