ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی حکام نے گزشتہ برس جنوری میں قتل کیے جانے والے اپنے معروف ایٹمی سائنسدان مسعود علی محمدی کے قتل میں ملوث ایران کے جاسوسی نیٹ ورک کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایرانی ٹیلی ویژن نے وزارت اطلاعات کے حوالے سے بتایا کہ جاسوسوں کے اس نیٹ ورک کا تعلق اسرائیلی خفیہ تنظیم موساد سے ہے اور یہ نیٹ ورک اپنی دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پچھلے برس ایرانی جوہری سائنسدان کے قتل میں بھی ملوث رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایرانی وزارت خارجہ اپنے گھر کے قریب کھڑی ایک موٹر سائیکل میں نصب بم پھٹنے کے سبب محمدی کے قتل میں امریکا اور اسرائیل کے ملوث ہونے کے خدشات کا اظہار کر چکی ہے۔ ایرانی نیوز ایجنسی ’’مھر‘‘ کے مطابق ڈیڑھ ماہ قبل 29 نومبر کو بھی ایک حادثے میں ایران کے فزکس کے دو سائنسدانوں پر حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک سائنسدان جاں بحق ہو گیا تھا۔