تل ابیب – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کی وزارتِ صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر جارحیت کے آغاز سے اب تک زخمی ہونے والوں کی تعداد “صرف” 4 ہزار 918 ہو گئی ہے، جن میں گذشتہ 11 گھنٹوں کے دوران زخمی ہونے والے 89 افراد بھی شامل ہیں۔
وزارت نے ایک بیان میں وضاحت کی ہے کہ “آپریشن دھاڑتا ہوا شیر (ایران پر جارحیت) کے آغاز سے آج شام چھ بجے تک 4918 زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے”۔
وزارتِ صحت نے اس سے قبل ایک بیان میں بتایا تھا کہ سنہ 2026ء میں 28 فروری کو شروع ہونے والی جنگ سے منگل کی صبح سات بجے تک 4829 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جو بعد ازاں بڑھ کر 4918 ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ قابض اسرائیل کی فوجی سینسر شپ ہلاک و زخمی ہونے والوں کی اصل تعداد اور ہونے والی تباہی کے حقیقی اعداد و شمار پر مکمل پردہ ڈالے ہوئے ہے۔
گذشتہ 28 فروری سے فوجی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، جہاں قابض اسرائیل اور امریکہ نے ایران پر جنگ مسلط کر رکھی ہے۔ اس جارحیت کے نتیجے میں علی خامنہ ای اور دیگر اعلیٰ سکیورٹی حکام سمیت سینکڑوں افراد شہید ہو چکے ہیں، جبکہ تہران کی جانب سے جوابی کارروائی میں اسرائیل کی طرف میزائل اور ڈرون داغے جا رہے ہیں۔
ایران کے اعلانات کے مطابق وہ خطے میں امریکی ٹھکانوں اور مفادات کو بھی نشانہ بنا رہا ہے، تاہم ان میں سے بعض حملوں کے نتیجے میں ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات کے ساتھ ساتھ سویلین املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
