پانچ سالہ اسرائیلی محاصرے اور معاشی ناکہ بندی میں غزہ کے 15 لاکھ سے زائد فلسطینی خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات کی قلت کے ساتھ ساتھ زندگی بچانے والی انتہائی ضروری 147 ادویات سے بھی محروم ہیں۔ غزہ کی فارما سیوٹیکل ایڈمنسٹریشن کے تازہ اعلان کے مطابق غزہ میں 147 اقسام کی انتہائی اہم ادویات کے ساتھ 152 قسم کی میڈیکل اشیاء، 65 قسم کی دیگر ادویات اور 148 فوڈ سپلیمنٹ ختم ہو جائیں گے۔ غزہ کے ہسپتالوں میں موجود طبی مشکلات کا احاطہ کرتے ہوئے ڈاکٹر مدحت عباس نے خبردار کرتے ہوئے کہا غزہ میں میڈیکل سہولیات کے حوالے سے مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر مدحت نے یہ تفصیلات شمالی افریقہ اور مشرق وسطی میں ریڈ کراس کی سربراہ بٹریس روفو کی سربراہی میں غزہ آنے والے وفد کی استقبالیہ تقریب میں خطاب کے دوران پیش کیں۔ الشفا ہسپتال کے جنرل مینیجر ڈاکٹر مدحت نے مغربی کنارے کی شعبہ صحت سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کے حصے کی ادویات جلد از جلد بھجوائیں۔ انہوں نے کہا کہ رام اللہ کے شعبہ صحت نے سنہ 2010ء میں غزہ کے حصے کی ادویات کا صرف 37 فیصد حصہ غزہ بھجوایا تھا جس کے باعث اہل غزہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے گزشتہ سال ریڈ کراس کی جانب سے اہل غزہ کی نصرت اور معاونت کے منصوبوں پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں ریڈ کراس کی جانب سے شروع کیے گئے متعدد منصوبوں سے غزہ میں شعبہ صحت میں وسائل کی کمی کا کافی حد تک ازالہ ہوا۔