( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے مرکزی رہنما یحیی السنوار نے یونیورسٹی طلاب کے ساتھ گفتگو کے دوران غاصب صیہونیوں کو مسجد اقصی میں قدم رکھنے پر سختی کے ساتھ خبردار کیا ہے۔ فلسطینی خبرررساں ایجنسی صفا کے مطابق انتہاء پسند صیہونیوں کی جانب سے جمعرات کے روز قدس شریف میں “پرچم ریلی” منعقد کرنے کی اشتعال انگیز کال کے بارے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر صیہونی مسجد اقصی کی بیحرمتی کرنے کو پلٹے تو ہم بھی واپس پلٹ جائیں گے اور پھر زمین و آسمان کو ان کے سر پر دے ماریں گے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ہمیں کوئی شک و شبہ نہیں۔
واضح رہے کہ انتہاء پسند غاصب صیہونی آبادکاروں کی جانب سے آئندہ جمعرات کے روز قدس شریف میں “پرچم ریلی” کے انعقاد کی اشتعال انگیز کال دی گئی تھی درحالیکہ عبری کیلنڈر کے مطابق سال 1967ء میں قدس شریف پر پہلے صیہونی قبضے کی سالگرہ کے دن منعقد کی جانے والی یہ اشتعال انگیز ریلی، گذشتہ ماہ کی 10 تاریخ کو برپا کی جانا تھی جسے اس وقت موجود شدید تناؤ کی کیفیت اور بین الاقوامی دباؤ کے باعث موخر کر دیا گیا تھا۔ صیہونی اخبار یدیعوت آحارونوت کے مطابق اس صیہونی ریلی میں شرکت کرنے والوں نے قدیمی قدس شریف میں واقع مسجد اقصی کے دروازوں باب العامود، باب الساہرہ، باب الاسباط اور مسجد اقصی کے دوسرے صحنوں سے گزرتے ہوئے “صحن البراق” میں جمع ہونا تھا۔