اسرائیلی وزارت خارجہ نے آئرلینڈ حکومت کی طرف سے فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی پر سخت برھمی کا ظاہر کرتے ہوئے اسے جانبدارانہ اور فلسطینی حمایت پر مبنی قرار دیا ہے. اسرائیلی وزیرخارجہ اور انتہا پسند لیڈر آوی گیڈور لائبرمین نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ “آئرلینڈ کی موجودہ حکومت فلسطینی تحریک اور برطانیہ کے خلاف آئرش آزادی کی تحریکوں کا موازنہ کر رہی ہے اور اسرائیل کو ایک “برائی کے مرکز اور کیمپ” کے طور پرمتعارف کرا رہی ہے”. بیان میں مزید کہا گیا کہ آئرش حکومت کی طرف سے فلسطین اور اسرائیل کے بارے میں پالیسی ناقابل فہم ہے. اس سے صاف ظاہرہوتا ہے کہ ڈبلن فلسطینیوں کی ناجائز حمایت اور جانبداری کر رہا ہے جبکہ اسرائیل کے خلاف مخالفانہ روش پر قائم ہے. اسرائیلی وزیرخارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جبکہ آئر لینڈ کے ایک قومی اخبار”انڈیپنڈنٹ” میں شائع ایک مضمون میں کہا گیا ہے کہ ڈبلن میں تعینات اسرائیلی سفیر کو عوامی اور حکومتی سطح پر نفرت اور سفارتی امور میں بے توجہی کا سامنا ہے.