فتح کے مندب برائے خارجہ تعلقات اور مرکزی کمیٹی کے رکن نبیل شعث نے کہا ہے کہ صدر محمود عباس کی موجودہ سیاسی مشکلات امریکی صدر باراک حسین اوباما کی جانب سے وعدے پورے نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔ جمعرات کے روز رام اللہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا نے فلسطین سے جو وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں کیے، جس سے فلسطینی اتھارٹی اور صدر محمود عباس کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے دباؤ پر فلسطینی صدر نے اسرائیل سے مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ۔ اس سلسلے میں امریکی صدر نے فلسطینی عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون، یہودی بستیوں کی تعمیر رکوانے اور آزاد فلسطینی ریاست کے لیے کوششیں تیز کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم وہ وعدے ابھی تک پورے نہیں کیے۔ نبیل شعث نے کہا کہ محمود عباس کو یہ ادراک اور احساس ہے کہ ان کے ساتھ امریکی رویہ واشنگٹن کے وعدوں کے مطابق نہیں۔