کراچی ۔ مسلم لیگ قائد اعظم کے سیکریٹری جنرل مشاھد حسین سید نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں امریکی دباؤ کے باوجود فلسطین کی منتخب حکومت کی حمایت کی اور حماس حکومت کے وزیرخارجہ کو اسلام آباد کے دورے میں پانچ ملین ڈالر کی امداد دی ہے ، فلسطین کے مسئلے پر قائد اعظم کے نظریہ پر قائم ہیں ، قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کیلے پاکستان کی غیور عوام فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ساتھ ہیں اور ہماری جماعت بھی فلسطینی کاز کیلے فاؤنڈیشن کے شانہ بشانہ چلے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی ورکنگ کمیٹی کے اراکین سے ٹیلیفونک گفتگو میں کیا ، فاؤنڈیشن کی ورکنگ کمیٹی کے اراکین نے مشاھد حسین سید کو14 مئی اسرائیل کے ترسٹھ سال کے قیام کی مناسبت سے ـ ـ ـاسرائیل عالم انسانیت کیلیے خطرہ ہے کے عنوان سے جاری ریفرنڈم کی تفصیلات سے آگاہ کیا ، مشاھد حسین سید نے اس موقع پر آن لائن ویب پولنگ میں حصہ لیتے ہوئے اسرائیل کے خلاف اپنا ووٹ ڈالا ، انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پوری ا مت مسلمہ کا مسئلہ ہونے کے ساتھ ساتھ عالم انسانیت کا بھی مسئلہ ہے اور اسرائیل عالم انسانیت کے لئے ایک بہت بڑا خطرہ ہے،انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت اسرائیل عالم انسانیت کے لئے خطرہ کے عنوان سے ریفرنڈم منعقد کرنا ایک بہت بڑی اوراہم کاوش ہے جس کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔