ترک صدر عبداللہ گل نے ایک بار پھر غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے عالمی بحری بیڑے” فریڈیم فلوٹیلا” پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی بیڑے پر اسرائیلی جارحیت کو کسی صورت بھی نہ تو فراموش کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی اس پر خاموشی اختیار کی جائے گی۔ ہفتے کے روز ایک فرانسیسی اخبار”لومونڈ” کو انٹرویو میں عبداللہ گل نے کہا کہ امدادی بیڑے پر اسرائیلی حملے اور دہشت گرد گروہوں کی کارروائیوں میں مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقائق کو مسخ کرنے سے کسی کا موقف تبدیل نہیں ہوسکتا۔ عبداللہ گل نے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فریڈم فلو ٹیلا پرحملے پر دنیا اور فلسطینی عوام سے معافی مانگتے ہوئے حملے میں ہونے والے جانی اور مالی خسارے کا حرجانہ ادا کرے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنذظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی معاشی ناکہ بندی ختم کرنے اپنا کردار ادا کرے اور فریڈیم فلو ٹیلا پر اسرائیلی جارحیت کی شفاف تحقیقات کر کے فلسطینیوں کو انصاف فراہم کرے۔