یورپ اورعرب ممالک کی طرف سے غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے آنے والے امدادی قافلے” لائف لائن 5″ کے شرکاء کی غزہ آمد شروع ہو گئی ہے. قافلے کے بیشترشرکاء جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے تین بجے رفح بارڈر کے راستے غزہ داخل ہوئے. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قافلے شرکاء نے بخیریت غزہ پہنچنے کے بعد شکرانے کے نوافل ادا کیے. وفود کی آمد پر غزہ اور مصر کے درمیان رفح بارڈر بڑی تعداد میں فلسطینی شہری جمع تھے جنہوں نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا. دوسری جانب عالمی کمیٹی برائے اختتام معاشی ناکہ بندی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بحری جہاز امدادی سامان لے کر مصری بندرگاہ العریش پہنچ چکا ہے جہاں اس سے سامان کی ان لوڈنگ کا عمل بھی جاری ہے. تاہم سامان کو ٹرکوں پرلاد کر غزہ لانے میں مزید دو دن کا وقت لگ سکتا ہے.توقع ہے کہ ہفتے کے روز کسی بھی وقت امدادی سامان کےٹرک رفح بارڈرکے راستے غزہ داخل ہوں گے. ادھر قافلے کے ہمراہ آنے والے ایک بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیم کے رضاکار نے غزہ پہنچنےکے بعد مرکز اطلاعات فلسطین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ سفربہت مشکل اورصبرآزما تھا تاہم وہ ان کی خواہش ہے کہ وہ امدادی قافلے لے کر بار بار غزہ آئیں. انہوںنے کہا کہ پانچ ہفتوں سے غزہ کی طرف ہمارا سفر جاری ہے اور آج ہم اپنی منزل مقصود تک پہنچ چکے ہیں.دوسری جانب ذرائع کے مطابق مصر کی جانب سے امدادی قافلے “لائف لائن 5” کو غزہ داخلے سے روکنے کی بھرپورکوشش کی جا رہی تھی تاہم قطر کی جانب سے قافلے کو فوری راہداری دینے کے لیے قاہرہ پر دباٶ ڈالا گیا جس کے بعد قاہرہ حکام نے امدادی قافلے کے شرکاء کو غزہ داخلے کی اجازت دے دی.