کراچی (پ۔ر) مسجد اقصیٰ پر کسی بھی قسم کا حملہ عالم اسلام پر حملہ تصور کیا جائے گا۔مسجد اقصیٰ کو آج جس قدر خطرہ ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھا مسلمانان عالم مسجد اقصیٰ (قبلہ اول)کی بے حرمتی کے خلاف دنیا بھر میں غاصب اسرائیلی ریاست کے خلاف سراپا احتجاج بن جائیں۔مسجد اقصیٰ پر صہیونی فوج کی جانب سے مسلسل حملے اور بے حرمتی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔قبلہ اول (مسجد اقصیٰ )میں نمازیوںکو غاصب صہیونی حکومت کی جانب سے نماز سے روکنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور کھلی جارحیت ہے۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں مظفر احمد ہاشمی،قاضی احمد نورانی اور علامہ آفتاب حیدر جعفری نے گذشتہ روز اتوار کو مسجد اقصیٰ کی غاصب صہیونی فوجیوں کی جانب سے ہونے والی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ صہیونی مسجد اقصیٰ کے خلاف مسلسل جارحیت کر رہے ہیں جبکہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیموں اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی خاموشی ایک سوالیہ نشان بن گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی طرف سے مسجد الاقصیٰ کی بجلی بند کرنا،مسلمانوں کو اذان سے روکنا،قبلہ اول کے دروازے بند کرنا،اور یہودی آباد کاروں کو مسجد الاقصیٰ کی بے حرمتی کے لئے کھلی چھوٹ دینا انتہائی گھناؤنے اور شرمناک فعل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہودیوں کے تمام تر منصوبوں کا مقصد صرف اور صرف مسجد اقصٰی (قبلہ اول )کو شہید کرنا ہے ،عالم اسلام کے حکمرانوں کو چاہئیے کہ وہ عالمی استعمار امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف بھرپور احتجاج کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرےں۔انہوں نے مزید کہا کہ القدس فلسطینیوں کا ہے یہودیوں کا قبضہ غیر قانونی اور قطعی نا جائز ہے القدس پر صرف اور صرف مسلمانوں اور عیسائی برادری کا حق ہے جبکہ غاصب صہیونیوں کو بالکل برداشت نہیں کےاجائے گا ۔فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں فلسطینی اتھارٹی ،نام نہاد امن کی تنظیموں ،عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں،اور اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کے حامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے خلاف کی جانے والی ریشہ دوانیوں کا نوٹس لیں۔انہوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ جہاں کہیں بھی ہوں عالمی استعمار امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج بن جائیں۔