اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے اپنے زیر حراست اسرائیلی فوجی گیلاد شالیت کے کسی نئی ویڈیو کے اجرا کی نفی کر دی۔ قبل ازیں عبرانی ٹی وی چینل نے شالیت کی آدھے منٹ کے ایک کلپ کو ’’القسام‘‘ بریگیڈ کی جانب سے جاری کردہ نئی ویڈیو قرار دیا تھا۔ صہیونی ٹی وی چینل کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں غزہ میں شالیت اور ایک دوسرے مسلح شخص کو اسلحہ پکڑے دکھایا گیا ہے۔ ان میں سے ایک نے مشین گن جبکہ دوسرے نے اسرائیلی فوج گیلاد شالیت کو پکڑا ہوا ہے۔ اس منظر کے بعد یہ تحریر سامنے آتی ہے ’’کیا مہم ختم ہو گئی‘‘ اس کے بعد گولیوں کے چلنے کی آواز سنائی دیتی ہے۔ تاہم القسام بریگیڈ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں شالیت کی کسی نئی ویڈیو کے اجراء کی نفی کی اور کہا کہ چینل پر دکھائی جانے والی ویڈیو جعلی ہے جس کی کوئی اصل نہیں۔ القسام کے بیان میں کہا گیا کہ ہمارا صہیونی ذرائع ابلاغ کی جانب سے نشر کردہ ویڈیو کلپ سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے کہا کہ جب ہمیں شالیت کا کوئی پیغام یا ویڈیو منظر عام پر لانا ہو گا تو اس مقصد کے لیے القسام بریگیڈ کے باقاعدہ چینل کو استعمال کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کئی ماہ قبل القسام بریگیڈ نے اپنی ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کیا تھا جو دو منٹ کی ویڈیو پر مشتمل تھا، اس ویڈیو میں گیلاد شالیت کا باپ دکھائی دیتا ہے۔ فلم کے مرکزی خیال کے مطابق چار سال سے القسام بریگیڈ کی زیر حراست اسرائیلی فوجی گیلاد شالیت کا حال بھی صہیونی فوجی رون اراد کی طرح ہے جو کئی سالوں سے لبنان کے جنوبی علاقوں میں لاپتہ ہے۔ بیان میں شالیت کی گرفتاری کا سبب اسرائیل کی جانب سے قوت کا استعمال بتایا گیا ہے۔ القسام بریگیڈ نے مزید کہا کہ شالیت کو قیمت کی ادائیگی سے قبل ہرگز رہائی نصیب نہیں ہو گی، اس معاملے کا آخری نتیجہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی ہے۔