غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے یوم القدس عالمی کے موقع پر ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے قابض اسرائیل کے خلاف کیے گئے میزائل حملوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ابو عبیدہ نے یوم القدس عالمی کی مناسبت سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ صیہونی دشمن کی غاصب ریاست کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے مسلسل بمباری کے آپریشنز اور ان میں استعمال ہونے والے معیاری و انشطاری (کلسٹر) میزائلوں نے فلسطینی عوام کے سینوں کو ٹھنڈک پہنچائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان میزائلوں نے تل ابیب کے آسمان کو روشن کرنے سے پہلے دنیا بھر کے حریت پسندوں کے دلوں کو منور کر دیا ہے۔
ترجمان القسام بریگیڈز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جاری جنگ کے باوجود مسجد اقصیٰ کی حمایت میں لاکھوں ایرانیوں کا سڑکوں پر نکلنا فلسطین کے ساتھ ان کے اصولی موقف اور تائید کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے اشارہ کیا کہ قیادت کا عوام کے ساتھ یہ اتحاد اس بات کی دلیل ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلسطینی کاز کی حمایت جاری رہے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یہ نہج مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں بھی اسی راستے پر برقرار رہے گی جس کا نقشہ علی خامنہ ای نے کھینچا تھا۔
