مقبوضہ بیت المقدس کی سلوان کالونی میں حالات اس وقت کشیدہ ہو گئے جب رات گئے صہیونی اہلکاروں نے کالونی کی گلیوں میں گشت شروع کیا جس پر فلسطینی نوجوانوں اور فوج کے مابین شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی فوج کے اہلکاروں کے مابین بئر ایوب کے علاقے بستان کالونی میں جھڑپیں کافی شدید تھیں۔ اسرائیلی فوج بطن الھوی اور عین اللوز کے علاقوں پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ اسرائیلی فوج نے شہریوں کے گھروں کو مسمار کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ صہیونی فوج نے فلسطینی نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لیے ربڑ کی گولیاں برسائی اور بڑے پیمانے پر اشک آور گیس کا استعمال کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق آنکھ مچولی اس وقت شروع ہوئی جب سرحدی گارڈز نے سلوان کالونی میں گشت کرنا شروع کردیا جس پر ایک نوجوان نے ان پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ سلوان کالونی مقبوضہ بیت المقدس کا انتہائی اہم علاقہ ہے اور یہاں آئے روز فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے مابین جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ اسرائیل یہاں کے باسیوں کو ہجرت پر مجبور کرکے اس جگہ یہودی بستی اور ’’باغ داؤدی‘‘ تعمیر کرنا چاہتا ہے جبکہ کہ کالونی کے فلسطینی اسرائیلی ناپاک عزام کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔