مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے سلوان کی بستان کالونی میں اسرائیلی فوج نے نماز جمعہ کے بعد نمازیوں پر حملہ کر دیا جس پر نوجوانوں اور صہیونی اہلکاروں کے مابین شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں جن میں ایک صحافی زخمی ہو گیا۔ جھڑپوں میں اشک آور گیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا جس سے درجنوں افراد کا دم گھٹ گیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ نماز جمعہ کے بعد اسرائیلی فوجی اہلکار نمازیوں پر پل پڑے جس پر مشتعل فلسطینی نوجوانوں نے فوج پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے اشک آور گیس اور ربڑ کی گولیاں برسائیں جس سے پال میڈیا نیوز ایجنسی کے فوٹو گرافر حمزہ معاجی شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ درجنوں افراد آنسو گیس کی وجہ سے دم گھٹنے سے شدید تکلیف میں مبتلا رہے واضح رہے کہ جمعہ کے خطیب عماد الزغل نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا تھا کہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے اور القدس اور دیگر اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات کی حفاظت کی خاطر فلسطینی قوم کا متحد ہونا ضروری ہے۔