غزہ ۔ مرکز اطلاعات فلسطین
فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے صدر یحییٰ السنوار نے الجزیرہ ٹی وی چینل کے دفتر کا دورہ کیا۔ انہوں نے قطری ٹی وی کی انتظامیہ سے بات چیت کی اور اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید کی گئی صحافیہ شیرین ابو عاقلہ کےواقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
السنوار نے ایک بیان میں کہا کہ ہم تعزیت کے لیے الجزیرہ کے دفتر آئے ہیں کہ شیرین ابو عاقلہ کی شہادت پر اپنے صحافی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ اس مجرمانہ واقعے کی مذمت کرسکیں۔
شیرین ابو عاقلہ کو گذشتہ بدھ کے روز غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔
السنوارنے کہا کہ جس دشمن نے غزہ میں الجزیرہ کے دفتر پر بمباری اور الشیخ جراح میں الجزیرہ کی نامہ نگار گیوارا البدیری کو زخمی کیا تھا۔ اسی دشمن نے ابو عاقلہ کے قتل کا بھی فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ابو عاقلہ کی کئی بار ٹارگٹ کلنگ کی ناکام کوشش کی گئی۔ یہاں تک کہ اس کے جنازے جلوس پر بھی حملے کیے گئے۔