اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی شعبے کے رکن ڈاکٹر محمود الزھار نے کہا کہ حماس اور اسرائیل کے مابین کوئی سیز فائر کا معاہدہ نہیں ہے تاہم آج کل دونوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ رکا ہوا ہے اور اسرائیل آئے روز اس بندش کی مخالفت کرتا رہتا ہے۔ الزھار نے اپنے اخباری بیان میں کہا کہ حماس کسی بھی امن معاہدے کا مطالبہ نہیں کر رہی۔ اور اسرائیل کے ساتھ سیز فائر سے ہمارا کوئی مقصد وابستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آجکل حماس اور اسرائیلی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ عملی طور پر رکا ہوا ہے۔ حماس کی امریکا کو خط ارسال کرنے کی خواہش پر پوچھے گئے سوال پر الزھار کا کہنا تھا ہمارے پاس امریکا کے لیے کوئی پیغام نہیں ہم تو صرف یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ مغرب ہماری قوم کی مشکلات کو بھی منصفانہ نظروں سے دیکھے۔ اور اپنے تمام انسانی حقوق کے دعووں پر عمل کرتے ہوئے فلسطینیوں کے لیے میدان عمل میں آئے۔ اہل مغرب کو چاہیے کہ وہ تمام معاملات پر نظر ثانی کرے اور 2006ء کے شفاف ترین انتخابات میں حماس کی کامیابی کو تسلیم کرے۔