مغربی کنارے کے شہر نابلس میں مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی شہریوں کی شہادت کے بعد مجاہدین نے قابض صہیونی فوج پر الخلیل میں انتقامی کارروائٓی کی ہےجس میں اسرائیلی فوج کی ایک گاڑی تباہ ہو گئی۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق مجاہدین نے الخلیل کے جنوب میں دورہ کے مقام پر سڑک کے قریب کھڑے صہیونی فوجیوں پر کلاشنکوف سے فائرنگ کی جس سے متعدد صہیونی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے فوری بعد صہیونی فوجی وہاں سے فرار ہو گئے حملے میں متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ادھر اسرائیلی میڈیا کے مطابق مزاحمت کار ایک گاڑی میں سوار تھے اورانہوں نےمغربی کنارے کے شہر الخلیل میں ایک فوجی کانوائے پرفائرنگ کی، جس سے ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا تاہم حملے میں کسی صہیونی فوجی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوسکیں، مجاہدین کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
بلدہ الدروہ کے مقام پر پیش آنے والا یہ واقعہ اس شاہراہ پر پیش آیا جس چھ ماہ قبل اسرائیلی عدالت کے حکم کے تحت دس سال کی بندش کے بعد کھولا گیا ہے۔ یہ سڑک دس سال تک مقامی یہودی آبادیوں کے تحفظ کے لیے فلسطینیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دی گئی تھی۔