فلسطینی کی آئینی حکومت کے دفتر اطلاعات نے ایک بار پھر فرانس کی جانب سے ’’ الاقصی‘‘ ٹی وی چینل کی نشریات پر لگائی جانے والی پابندی کو مسترد کرتے ہوئے اسے ذرائع ابلاغ کی آزادی کا گلا گھوٹنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ دفتر اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’یوٹیل سیٹ‘‘ نامی سیٹلائٹ پر ٹی وی چینل کی نشریات بند کرنے کی وجہ سے ملک و ملت کے مسائل پر اٹھنے والی فلسطینی آوازوں کو دبایا جا رہا ہے۔ حکومت کے شعبہ اطلاعات کے ذرائع ابلاغ کو دیے گئے بیان کے مطابق فرانس کی جانب سے ’’ الاقصی‘‘ ٹی وی کی نشریات پر پابندی محض سیاسی فیصلہ ہے اس کا تکنیکی اصولوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس متعصبانہ فیصلے کی سب سے زیادہ مخالفت خود فرانس میں ہو رہی ہے۔ فلسطینی شعبہ اطلاعات نے ’’الاقصی‘‘ کی نشریات مصری سیٹلائٹ ’’ نائل سیٹ‘‘ پر نشر کرنے کا مطالبہ کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ سیٹلائٹ عرب دنیا کا سیٹلائٹ ہے اور امید کی جاتی ہے کہ یورپی سیٹلائٹ پر لگائی جانے والی پابندی کے بعد مصری سیٹلائٹ کی انتظامیہ اس درخواست پر ضرور غور کرے گی۔