فلسطین میں عربی زبان میں نشر ہونے والے نیوز ٹی وی چینل “الاقصیٰ” کی انتظامیہ اور فرانسیسی حکام کے درمیان فرانسیسی سیٹلائٹ “نورسٹ” کے ذریعے نشریات جاری رکھنے کے سلسلے میں مذاکرات نا کام ہو گئے ہیں جس کے بعد اقصیٰ ٹی وی نے آج سے فرانس میں اپنی نشریات غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اقصیٰ ٹی وی کے پروگرام ڈائریکٹر سمیر محسین نے بدھ کے روز مرکز اطلاعات فلسطین کو اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا کہ “ٹی وی انتظامیہ اور فرانسیسی حکام کے درمیان جاری مذاکرات کی ناکامی کے بعد ہم مجبوراً فرانس میں اپنی نشریات بند کر رہے ہیں۔ یہ نشریات آج مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے بند کر دی جائیں گی۔” انہوں نے مزید کہا کہ فرانس کے” نورسٹ سیٹلائٹ” کے ذریعے نشریات بند ہونے کے بعد “عربسات” سیٹلائٹ کے ذریعے ٹی وی کی نشریات جاری رہیں گی، جبکہ مشرق وسطیٰ اور عرب ممالک میں نشریات کو مزید وسعت دینے کے لیے کسی دوسرے سیٹلائٹ کی خدمات حاصل کرنے کی بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ جلد ہی ایک اور سیٹلائٹ سے بھی نشریات شروع کر دی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرانسیسی حکام سے قانونی پیچیدگیاں دور کرنے کے لیے ماہرین قانون کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں، اس امر کا امکان موجود ہے کہ جلد یا بدیر پیرس حکام سے بات چیت کامیاب ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ حال ہی میں فرانسیسی حکومت کے زیر انتظام محکمہ سمع و بصر نے “اقصیٰ ” ٹی وی کی بعض پروگرام کو فرانسیسی قوانین کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، جس کے بعد ٹی وی انتظامیہ اور فرانسیسی حکام کے درمیان مذاکرات ہوئے تاہم وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔