عید کے موقع پر اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی اسیران کی ماؤں نے غزہ میں ریڈ کراس کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا۔ عید کے روز لگائے گئے اس احتجاجی کیمپ میں متعدد فلسطینی سرکاری عہدیداروں، دینی اور قومی شخصیات نے بھی مظاہرہ کرنے والی بزرگ خواتین سے اظہار یکجہتی کے لئے شرکت کی۔ صہیونی عقوبت خانوں میں ظلم کی چکی پیسنے والے فلسطینیوں کی ماؤں نے دھرنے کے ذریعے اسرائیلی حکام کو اپنے بیٹوں کی فوری رہائی کی ضرورت کا پیغام دیا۔ ماؤں نے کہا کہ اپنے لخت جگر بیٹوں کی غیر موجودگی نے ان کی زندگیاں اجیرن کررکھی ہیں، بالخصوص عید کے موقع پر ان کی خوشیاں غموں میں تبدیل ہوگئی ہیں۔ ماؤں نے زور دیا کہ اپنے بیٹوں سے ملاقات ان کو قانونی حق ہے مگر اسرائیل نے پچھلے کئی سال سے انہیں اس حق سے محروم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کے ان کے بیٹوں کو آزادی اور عزت و اکرام والی زندگی گزارنے کا پورا حق دیا جائے۔