اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے اسرائیل کو فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ کو کسی قسم کا نقصان پہنچانے سے متنبہ کیا ہے۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے خبر رساں ایجنسی قدس پریس کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کو چاہیے کہ وہ اسماعیل ھنیہ کو نقصان پہنچانے سے پہلے اس کے انجام کے بارے میں سوچ لے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ یاریف لیوین نے اسماعیل ھنیہ کو قتل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ اسماعیل کو قتل کیے جانے کی دھمکی ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب محمود المبحوح کی شہادت پر دنیا میں اسرائیل کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ حماس کی قیادت کو قتل کرنے کی صہیونی دھمکیاں حماس کو اسرائیل کے سامنے نہیں جھکا سکتیں۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ ”ہم اپنی قیادت اور مجاہدین کی حفاظت کریں گے۔ اسرائیل کے اس طرح کے جرائم سے ہم کمزور نہیں ہوں گے بلکہ ہماری طاقت میں اضافہ ہو گا۔ ہماری مزاحمت اور ثابت قدمی میں استحکام پیدا ہو گا۔”