فلسطینی مجلس قانون ساز میں بیت المقدس کے متعلق کمیٹی کے قائم مقام سربراہ احمد ابو حلبیہ نے عرب لیگ اور اسلامی کانفرنس تنظیم سے مسجد اقصی کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے- انہوں نے غزہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصی اور بیت المقدس مسلمانوں کی وقفی اراضی ہے- اس سے لاپرواہی برتنا کسی مسلمان کیلئے جائزنہیں -بیت المقدس یا مسجد اقصی سے دستبرداری خیانت ہے- احمد ابو حلبیہ نے مسجد اقصی کے متعلق لاپرواہی پر فلسطینی اتھارٹی کو شدید نتقید کا نشانہ بنایا- انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی اسرائیل سے مذاکرات کیلئے ہلکان ہو رہی ہے جس سے اسرائیلی حکومت کو مزید ہلہ شیری مل رہی ہے- وہ مسجد اقصی کیخلاف جارحیت میں مزید اضافہ کر رہی ہے- فلسطینی اتھارٹی کو اسرائیل سے مذاکرات کے ارادے ترک کر کے مسجد اقصی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے- انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل سے مذاکرات لاحاصل ہیں- فلسطینی اتھارٹی ، فلسطینی جماعتوں اور مزاحمتی گروپوں کو مل کر مسجد اقصی کے دفاع کیلئے متحرک ہونا چاہیے اور ایسا نہ ہو کہ وقت ہاتھ سے نکل جائے- ڈاکٹر احمد ابو حلبیہ نے اسلامی و عالمی پارلیمانوں سے مسجد اقصی سے اظہار یکجہتی کا مطالبہ کیا ہے – انہوں نے اسلامی و عالمی پارلیمانوں کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرار دادیں منظور کرنے سمیت ایسے قوانین منظور کرنے چاہیے اور بیت المقدس سے کسی قسم کی دستبرداری کو مسترد کیا جائے گا-