اسرائیل کی ایک سیکیورٹی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے صہیونی شہریوں کے لئے ہنگامی حالات میں پناہ کے لئے تیارکردہ مورچوں کی بڑی تعداد استعمال سے پہلے ہی خراب ہو گئی ہے۔ نامناسب دیکھ بھال کی وجہ سے حفاظتی مورچے ناکارہ ہو گئے ہیں۔ یہ مورچے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اسرائیلی شہریوں کے لئے محفوظ پناہ گاہ نہیں بن سکتے۔ اسرائیلی فوج کے “داخلی محاذ” کمان کی تیارکردہ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگ یا کسی ہنگامی صورتحال میں اسرائیلی شہریوں کے بچاو کے لئے ملک کے طول و عرض میں تیار کردہ حفاظتی مورچوں کی تقریبا ایک چوتھائی تعداد ناکارہ ہو چکی ہے۔ غیرمناسب دیکھ بھال کا یہ عالم ہے کہ ان میں داخلے کے دروازے زنگ کی وجہ سے جام ہو چکے ہیں۔ ان غیر محفوظ مورچوں کی زیادہ تعداد القدس، بیسان، بئر السبع اور بیتاح تکفا کے علاقوں میں ہے۔