اسرائیلی فوج کی جانب سے اتوار کے روز بھی غزہ پر حملوں کو سلسلہ جاری ہے، صہیونی فضائیہ نے دو الگ الگ واقعات میں خان یونس اور رفح پر میزائل گرائے جس میں ایک فلسطینی زخمی ہو گیا، مقامی ذرائع نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ صہیونی ایف سولہ طرز کے طیاروں نے مصر سے ملحق غزہ کے نشیبی علاقوں پر کم از ایک میزائل داغا، ضلع رفح پر کی گئی اس بمباری کے سبب ایک مکان تباہ ہو گیا تاہم اس میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ خان یونس کے مشرقی علاقے عبسان کے ذرائع کی جانب سے بھی ایسی ہی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ اسرائیلی طیاروں نے ان کے علاقے پر بھی بمباری کر کے زرعی زمینوں کو تباہ کر دیا ہے۔ بمباری کے نتیجے میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں حملے غزہ کی جانب سے سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقوں پر داغے گئے بم شیل کے ردعمل میں کیے گئے ہیں، ترجمان کے مطابق ’’شاعر ھنیجف‘‘ کے علاقے نقب پر یہ حملہ پچھلی رات کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ ان حملوں سے ایک روز قبل اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملہ کر کے شہید عزالدین القسام بریگیڈ کے معروف کمانڈر بطران کو شہید اور دس دیگر افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ اسی طرح پچھلے چند ہفتوں میں اسرائیل کی جانب سے غزہ اور پورے مقبوضہ فلسطین پر حملوں میں شدید تیزی آئی ہے، اسرائیل پچھلے ماہ جولائی میں اپنی جارحانہ کارروائیوں میں 07 فلسطینیوں کو شہید اور 200 سے زائد افراد کو زخمی کر چکا ہے۔