مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” نے قابض اسرائیل کی طرف سے کنیسٹ کی خارجہ اور سکیورٹی کمیٹی کی جانب سے منظور کیے گئے ایک منصوبے کو شدید خطرناک اور جارحانہ اقدام قرار دیا ہے، جس کے تحت فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے خدمات فراہم کرنے والی، اقوام متحدہ کی ایجنسی ’انروا‘ کے دفاتر کو پانی، بجلی اور دیگر بنیادی خدمات فراہم کرنے سے روکنے کی کوشش کی گئی ہے۔
حماس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ یہ اقدام ایک منظم مجرمانہ حملے کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ’انروا‘ کے انسانی کردار کو کمزور کرنا اور فلسطینی عوام، خاص طور پر پناہ گزینوں، کے بنیادی حقوق اور امدادی خدمات تک رسائی کو محدود کرنا ہے۔
حماس نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور اس کے مختلف اداروں سے اپیل کی کہ وہ قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں ادا کریں اور قابض اسرائیل کی ’انروا‘ پر مسلسل منظم ہتھکنڈوں کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
اس کے ساتھ ساتھ حماس نے مطالبہ کیا کہ قابض اسرائیل اپنی غیر قانونی کارروائیوں سے باز آئے اور ’انروا‘ کو لازمی امدادی خدمات جاری رکھنے کے لیے ضروری وسائل فراہم کرے، تاکہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد اور ان کی زندگی بچانے میں اپنا انسانی کردار ادا کرتی رہے، خاص طور پر غزہ میں قابض اسرائیل کے بے پناہ مظالم کے نتیجے میں پیدا ہونے والی غیر معمولی انسانی تباہی کے پیش نظر۔
ذرائع کے مطابق کنیسٹ نے منگل کو ’انروا‘ کے فلسطینی علاقوں میں کام کو روکنے کے لیے قانونی اقدامات کی منظوری دی۔ عبرانی اخبار’معاریو‘ نے بتایا کہ خارجہ اور سکیورٹی کمیٹی نے ایک قانونی مسودہ منظور کیا جو اس کارروائی کی بنیاد فراہم کرے گا اور اس کے لیے تین قوانین کو یکجا کیا گیا ہے۔
کنیسٹ نے 28 اکتوبرسنہ 2024ء کو دو ایسے قوانین منظور کیے تھے جو ’انروا‘ کی خدمات کو محدود کرنے کے لیے تیار کیے گئے تھے۔ قابض اسرائیل الزام لگاتا رہا ہے کہ ’انروا‘ کے ملازمین نے سات اکتوبر سنہ 2023ء کو ’طوفان الاقصیٰ‘ کارروائی میں حصہ لیا، جبکہ ’انروا‘ نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے اور اقوام متحدہ نے بھی ایجنسی کی غیر جانبداری کی تصدیق کی ہے۔
اسی دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے جمعہ کے روز ایک قرارداد منظور کی، جس میں قابض اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غزہ میں انسانی امداد کی مکمل رسائی کو یقینی بنائے، اقوام متحدہ کے اداروں کی کارروائی میں رکاوٹ نہ ڈالے، اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
