مقبوضہ بیت المقدس ۔ مرکزاطلاعات فلسطین
قابض اسرائیل کی مسجد اقصیٰ کی بنیادوں اور اطراف میں ہونے والی کھدائی کے نتیجے میں الاقصیٰ کے مرکزی نماز ہال کے ستونوں اور دیواروں میں نئے شگاف پڑنے کا انکشاف ہوا ہے۔
بدھ کے روز بیت المقدس کے ذرائع نے بتایا کہ الاقصیٰ مصلے کی پرانی دیواریں مسلسل کھدائی کی وجہ کھوکھلی اور ختم ہوتی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے دیوار کے بعض حصے بار بار گرتے رہتے ہیں۔
قابض حکام نے القدس میں اسلامی انڈوومنٹس ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ ایک تکنیکی ٹیم کو کھدائیوں سے متاثرہ مقام کا دورہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ اوقاف کی تکنیکی ٹیم کو قبلہ اول میں متاثرہ مقام پر جانے کی اجازت دینے کے حوالے سے ٹال مٹول کی جا رہی ہے۔
وسط جون میں مصلیٰ اقصیٰ قدیم کے نام سے مشہور جگہ کی دیوارں کے کئی پتھر کھدائیوں کی وجہ سے گر گئے تھے۔
مسجد اقصیٰ کے امور کے ماہرین نے مسجد کے نیچے موجود خلا کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی بنیادوں میں کھدائیوں سے قبلہ اول کو شدید نوعیت کا نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔