اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں ہوائی جہازوں سے پمفلٹ گرائے ہیں جن میں خبردار کیا گیا ہے کہ شہری خود کو مجاہدین کی تیار کردہ سرنگوں سے دور رکھیں اور آئندہ چند روز میں اپنی سرگرمیوں کو محدود کرتے ہوئے غزہ اور اسرائیل کے درمیان بارڈر پر نہ جائیں۔ اسرائیلی طیاروں کے ذریعے گرائے گئے پمفلٹس میں فون نمبر بھی دیے گئے ہیں جن کا ممکنہ طور پر مقصد مجاہدین کو اغوا کرنے میں مدد حاصل کرنا ہے۔ دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے اسرائیلی فوج کی اس کارروائی کو ایک نئی چال قرار دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کی اس سازش میں نہ آئیں۔ القسام کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اس نوعیت کے اقدامات سے غزہ کے شہریوں کو خوف زدہ کر کے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ فلسطینی عوام اسرائیل کی اس طرح کی چالوں کو ئی اہمیت نہیں دیتے اور نہ ہی اس طرح کے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہو کر تحریک آزادی سے دستبردار ہوں گے۔ القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ اسرائیل ماضی میں بھی اس طرح کی مذموم حرکتیں کرتا رہا ہے تاہم فلسطینی عوام اس طرح کے اقدات سے نہ پہلے مرعوب ہوئے ہیں اور نہ ہی آئندہ خوف زدہ ہوں گے۔ اسرائیل اس طرح غزہ کے شہریوں کی مدد حاصل کرنا چاہتا ہے ، فوج کا خیال ہے کہ وہ پمفلٹس کے ذریعے غزہ کے شہریوں کا تعاون حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائےگی ، یہ اس کی خام خیالی ہے