مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
جنوبی لبنان میں اسرائیل کے دو فضائی حملوں میں دو لبنانی شہری جام شہادت نوش کرگئے، لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے نے ضلع نبطیہ کے قصبے حومین الفوقا میں ایک شہری کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت نے اس سے چند گھنٹے قبل اعلان کیا تھا کہ الصوانہ- خربہ سلم روڈ پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک شہری جان گنوا بیٹھا ہے، سرکاری لبنانی نیشنل نیوز ایجنسی کا کہنا تھا کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے ”الصوانہ اور خربیت سلم کے درمیان تین میزائلوں سے ایک پک اپ ٹرک کو ٹارگٹ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ایجنسی نے اطلاع دی تھی کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے ایک فضائی حملہ کیا ہے جس میں دو گائیڈڈ میزائلوں سے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں اقلیم التفاح کے علاقے حومین الفوقا – حمیلہ روڈ پر المعصرہ کے قریب ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
قبل ازیں اسرائیلی عہدیدار کا کہنا تھا اسرائیل لبنان میں جنگ کرنا نہیں چاہتا لیکن اگر ضرورت پڑی تو اس سے ہچکچائے گے بھی نہیں۔
اسرائیلی عہدیدار کا کہنا تھا کہ حزب اللہ جنوب میں اپنی پوزیشن دوبارہ مضبوط کر رہا ہے جس سے ایک نئی جنگ کا خطرہ موجود ہے۔
اسرائیلی عہدیدار کے مطابق ہم دیکھ رہے ہیں کہ لبنانی حکومت کی طرف سے جنوبی لبنان میں اسلحہ جمع کرنے میں سستی دکھائی جارہی ہے، اسرائیل لبنان کے ساتھ کسی بھی مذاکرات کا خیرمقدم کرتا ہے۔
اس سے قبل لبنانی صدر جوزف عون کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملک کے جنوب میں اسرائیلی افواج کی کچھ مقامات پر مسلسل موجودگی ریاست کے ہاتھ میں اسلحہ محدود کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد میں رکاوٹ ہے۔