اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں ستمبر تک یہودی آبادکاری روکے جانے سے متعلق ڈیڈ لائن میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی. ڈیڈ لائن کے ختم ہوتے ہی آبادکاری کا عمل دوبارہ شروع کر دیں گے. ان خیالات کا اظہار اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی صدر باراک حسین اوباما سے نیویارک میں ملاقات کے بعد امریکی خارجہ تعلقات کونسل سے جمعرات کے روز خطاب کے دوران کیا. نیتن یاھو نے کہا کہ یہودی آبادکاری ان کی حکومت کا اہم ایجنڈا ہے. یہودی آبادکاری نہ صرف مقبوضہ بیت المقدس میں جاری رہے گی بلکہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں میں زیر تعمیر مکانات جو پچھلے دس ماہ سے تعمیر نہیں ہ وسکے انہیں بھی مکمل کیا جائے گا. امریکی خارجہ تعلقات کونسل کے اراکین کے اس سوال پر کہ آیا وہ فلسطینیوں کو مذاکرات پر آمادہ کرنے کے لیے جزوی طور پر یہودی آبادکاری روکنےکی مدت میں توسیع کر سکتے ہیں تواسرائیلی وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ”اسرائیل جو کر سکتا تھا کر چکا ہے، اب ہمیں مذاکرات کے لیے قدم آگے بڑھانے چاہیں” واضح رہے کہ حال ہی میں اسرائیل میں مختلف جماعتوں کے پارلیمانی بلاکس کے مشترکہ اجلاس میں بیشتر اراکین کنیسٹ نے آئندہ ستمبرمیں یہودی آبادکاری روکنے کی مدت میں توسیع کی مخالفت کی تھی.