قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے ضلع الخلیل میں فلسطینی مجلس قانون ساز کے رکن شیخ نایف رجوب کے گھر پر ایک چھاپہ مار کارروائی کی اور انہیں گرفتار کر لیا۔ شیخ رجوب کے گھر والوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج کے اہلکاروں نے علی الصبح گھر پر دھاوا بولا اور شیخ کی شناخت کرنے کے بعد انہیں اغوا کر لیا۔ خیال رہے کہ کئی ہفتے قبل عباس ملیشیا نے بھی ان کے گھر پر ایک بڑا حملہ کر کے انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔ یہ حملہ سلام فیاض کی سربراہی میں کام کرنے والی فلسطینی حکومت کے وزیر اوقاف محمود ھباش نے انہیں دورا کی مساجد میں جمعہ کے خطبے سے روکنے کی کوشش کا ایک حصہ تھا۔ فلسطینی اسیران اور انسانی حقوق سنٹر کے ڈائریکٹر فؤاد الخفش نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ اسرائیلی فوجی اہلکاروں کی بڑی تعداد نے آدھی رات کو شیخ نایف کے گھر پر حملہ کیا اور انہیں کپڑے بدل کر اپنے ساتھ چلنے کو کہا۔ الخفش نے رکن پارلیمان کی اس گرفتاری کو فلسطینی مجلس قانون ساز کے خلاف نئی جنگ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اس مرتبہ فلسطینی پارلیمنٹرینز کو اجتماعی نہیں بلکہ ایک ایک کرکے اغوا کرنا چاہتا ہے اور پچھلے پینتالیس دنوں میں تین فلسطینی اراکین پارلیمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ شیخ نایف سے قبل حاتم قفیشہ اور محمود رمحی کو بھی یرغمال بنایا جا چکا ہے۔