ترک وزیرزاعظم رجب طیب اردگان نے خبردار کیا ہے کہ انقرہ کے بارے میں اسرائیل کی موجودہ جارحانہ اور دشمنانہ پالیسی برقرار رہی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ منگل کے روز انقرہ میں ایک خبررساں ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ترکی نے اپنے ہاں اسرائیلی سفیر”گابی لیوی” کو طلب کر کے اسرائیل میں ترکی کے سفیر کی طلبی پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے اسرائیل پر واضح کر دیا ہے کہ تل ابیب میں نائب وزیرخارجہ ڈانی ایالون کے دفتر میں ترک سفیر کی طلبی اور اس کے ساتھ توہین آمیز سلوک نہایت افسوسناک ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ طیب اردگان کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیل کے رویے کا جائزہ لے رہے ہیں، اس کے سفارتی عملے کو ہراساں کیا گیا تو اسرائیل کو اسی طرح کا جواب ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اسرائیل کے جارحانہ رویے پر ماضی میں چشم پوشی سے کام لیتا رہا رہے تاہم چشم پوشی اور معاملات کو نظرانداز کرنےکا سلسلہ زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ڈانی ایالون ترک سفیر سے بدسلوکی پر ترک سے معافی مانگیں واضح رہے کہ پیر کے روز اسرائیل نے ترکی کے سفیر کو طلب کر کے ترکی میں نشر ہونے والی اسرائیل مخالف فلم پر احتجاج کیا تھا، جس کےبعد ترکی نے جواباً انقرہ میں اسرائیلی سفیر کو طلب کرکے اپنے سفیر کی طلبی پر احتجاج کرتے ہوئے اسرائیل سے اس کی وضاحت طلب کی ہے۔