اسرائیلی ذرائع کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ نے باقاعدہ طور پرترکی کے سفیر احمد اوعوز چلیکول سے توہین آمیز رویہ اپنائے جانے پراپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے انقرہ سے معافی مانگ لی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور صدر شمعون پیریز کی جانب سے معافی نامہ ترک حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔ یہ معافی نامہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جبکہ اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے بدھ کے روز ترک سفیر سے توہین آمیز سلوک پر معافی نہ مانگنے کا بیان جاری کیا گیا تھا۔ اس سے قبل ترکی نے اسرائیل سے اپنے سفیر کی توہین پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ترک صدر عبداللہ گل نےاسرائیلی حکومت کو خبردار کیا تھا کہ اس نے ترکی سے معافی نہ مانگی تو وہ تل ابیب سے اپنا سفیر واپس بلا لیں گے۔ واضح رہے کہ پیر کے روز اسرائیلی نائب وزیرخارجہ ڈالی ایالون نے ترک سفیر کو طلب کر کے ترکی میں اسرائیل مخالف فلم کے نشر ہونے کے خلاف نہایت ہتک آمیز انداز میں احتجاج کیا تھا۔ اس دوران ترک سفیر کو نائب وزیرخارجہ کے سامنے ایک پست قد کرسی پر بٹھایا گیا تھا۔